بیگو سرائے:13 /اپریل(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) بہار کے بیگو سرائے سے بی جے پی امیدوار اور مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے ’بجرنگ علی‘ والے بیان کو لے کر سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اعظم خاں پر شدید حملہ بولا ہے۔گری راج سنگھ نے کہا کہ اعظم خاں نے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی کو گالی دی اور اب ہمارے بھگوان کو گالی دے رہے ہیں۔انتخابات کے بعد وہ رام پور جائیں گے اور انہیں بتائیں گے کہ بجرنگ بلی کیا ہیں۔گری راج نے کہاکہ اعظم خاں نے پہلے وزیر اعظم مودی کو گالی دی،اب ہمارے بھگوان کو گالی دے رہیں اعظم خاں۔بیگو سرائے کا انتخاب ختم ہونے کے بعد رام پور آکے ہم بتائیں گے کہ بجرنگ بلی کیا ہیں۔ بتا دیں کہ سماجوادی پارٹی کے لیڈر اعظم خان نے یوگی آدتیہ ناتھ کے علی اور بجرنگ بلی والے بیان پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب ہم علی اور بجرنگ ایک ہیں۔اعظم خان نے کہاکہ علی اور بجرنگ میں جھگڑا نہ کراؤ،میں نیا نام دے دیتا ہوں، بجرنگ علی،میرا تو دین کمزور نہیں ہوتا،آپ نے کہا تھا کہ بجرنگ بلی دلت تھے، پھر آپ کے کسی ساتھی نے کہا وہ ٹھاکر تھے،ایک رہنما نے انہیں جاٹ بتادیا، پھر کسی نے کہا کہ وہ ہندوستان کے تھے ہی نہیں بلکہ سری لنکا کے تھے لیکن ایک مسلمان ایم ایل سی نے کہا کہ وہ مسلمان تھے۔ اعظم نے کہا تھاکہ اب ہم علی اور بجرنگ ایک ہیں۔یہی نہیں اعظم نے بجرنگ علی توڑ دشمن کی نلی کی طرز پر کہاکہ بجرنگ علی توڑ دو دشمن کی نلی، بجرنگ علی لے لو ظالموں کی بلی،لے لو بلی، بجرنگ علی، بجرنگ علی۔ اس سے پہلے یوگی آدتیہ ناتھ نے کہاتھاکہ اگر کانگریس، ایس پی، بی ایس پی کو علی پر یقین ہے تو ہمیں بھی بجرنگ بلی پر یقین ہے۔